نئی دہلی، 6 /جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار اوم پوری کو فلمی دنیا کا مضبوط ستون بتاتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر سونیا گاندھی سمیت بڑی تعداد میں سیاسی لیڈروں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔اداکار اوم پوری کا آج صبح ممبئی میں ان کی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔وہ 66سال کے تھے۔وزیر اعظم نے تھیٹر اور فلموں میں اوم پوری کے طویل سفر کو یاد کیا،وہیں سونیا گاندھی نے انہیں گوناں گوں صلاحیتوں کامالک بتایا۔سونیا نے ان کے اہل خانہ اور مداحوں کے لیے صبر دعا کی اور کہاکہ اوم پوری مختلف صلاحیتوں کے حامل اداکار تھے اور سماجی طور پر ایک بیدار اور حساس شخص تھے، ہندوستانی فلم انڈسٹری نے ایک مضبوط ستون کھو دیاہے۔کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے اوم پوری کو ہندوستانی سنیما اور تھیٹر کے بہترین باصلاحیت اداکاروں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہاکہ اوم پوری نے جن ناقابل فراموش کرداروں میں جان ڈالی ان ذریعہ وہ ہمیشہ زندہ رہیں گے۔مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے ٹوئٹ کیاکہ ان کی اداکاری کی تعریف دنیا بھر میں ہوئی ہے،اہل خانہ، دوستوں اور فلمی دنیا کے تئیں میری ہمدردی ہے۔پنجاب کانگریس کے صدر اور سابق وزیر اعلی امرندر سنگھ نے کہا کہ افسانوی اداکار اوم پوری کے انتقال کی خبر سن کر انتہائی تکلیف پہنچی۔ان کے خاندان کے تئیں میری تعزیت ہے۔
بالی ووڈ کے مشہور اداکار اوم پوری کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال
ممبئی، 6 ؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بالی ووڈ میں اپنی نایاب اداکاری کے لیے پہچانے جانے والے مشہور اداکار اوم پوری کا آج صبح دل کا دورہ پڑنے سے اپنے گھر پر انتقال ہو گیا۔اداکار نے ’اردھ ستیہ ‘،’ آکروش ‘،’سٹی آف جوائے ‘جیسی فلموں میں اپنی بہترین اداکاری سے دنیا بھر میں شہر ت اور مقبولیت حاصل کی۔ان کے خاندان میں ان کی بیوی نندتا اور بیٹا ایشان ہے۔نندتا نے میڈیا سے کہاکہ میں اب صدمے میں ہوں، یہ حیرت انگیز ہے،آج صبح 6 ساڑھے 6 بجے کے درمیان ان کا انتقال ہوا،وہ کیچن کے فرش پر گرے ملے تھے۔انہوں نے کہاکہ میں ابھی بات نہیں کر سکتی،میں پوسٹ مارٹم کروانے کے لیے کوپر اسپتا ل آئی ہوئی ہوں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اوم پوری کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ساتھ ہی تھیٹر اور فلموں میں ان کی طویل شراکت کو یاد کیا۔کانگریس قومی صدر سونیا گاندھی نے بھی اوم پوری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیاہے ۔انہوں نے کہاکہ اوم پوری ایک باصلاحیت اداکار اور سماجی طور پر بیدار انسان تھے، ہندوستانی فلمی دنیا نے اپنا ایک اہم ستون کھو دیاہے ۔’آروہن ‘اور’اردھ ستیہ ‘کے لیے نیشنل ایوارڈ سے نوازے جاچکے اداکار کو 1990میں ملک کے چوتھے اعلی ترین شہری اعزاز ’پدم شری ‘سے بھی نوازا گیا تھا۔ہریانہ کے انبالہ میں ایک پنجابی خاندان میں پیدا ہوئے اوم پوری پونے کے انڈین فلم اور ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ سے گریجویشن کیا تھا۔ 1973میں وہ نیشنل تھیٹر اسکول کے طالب علم بھی رہے جہاں اداکارنصیرالدین شاہ ان کے کلاس میٹ تھے۔